فاٹا میں فوجی آپریشن بند کرو | Urdu

June 23, 2014 § 1 Comment

22 جون، 2014ء

ہم، زیر دستخطی، وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) کے علاقے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کو فی الفور روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہمارے خیال میں یہ، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران فاٹا میں ہونے والا چھٹا فوجی آپریشن ہے، سابق “فیصلہ کن” آپریشنوں کی مانند ہوگاجن کے نتائج فاٹا کے عوام کی ہلاکتوں اور تکالیف کی صورت میں سامنے آئے۔

شمالی وزیرستان میں موجودہ آپریشن ایک دھوکے کے سوا کچھ نہیں جو فاٹا کے عوام کی تکالیف میں محض اضافہ کرے گا۔ جنہوں نے فوجی آپریشن کی “مکمل حمایت” کے اعلان کا انتخاب کیا ہے وہ ماضی (اور حال) کو نظرانداز کرنے کے ذمہ دار خود ہیں۔

ہم مذہبی شدت پسندی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے بہرحال یہ سمجھتے ہیں کہ  پاکستان میں مذہبی شدت پسندی کے مسئلے کو نہ عسکری طریقہ کار سے اور نہ شدت پسندی کو فاٹا میں مرکوز سمجھ کر نپٹا جاسکتا ہے۔ ہمارے مطالبات مندرجہ ذیل ہیں:

۔ شمالی وزیرستان اور دیگر قبائلی علاقوں میں جاری فوجی آپریشن فی الفور اور غیر مشروط طور پر روکا جائے۔

۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فاٹا کے عوام کو شدت پسندی کے مسئلے سے نپٹنے کا حق دیا جائے۔ اس عمل میں فاٹا کے محنت کش طبقات، کسان، عورتوں اور اقلیتوں کی شمولیت لازمی ہے۔۔۔ یہ مکمل جواب دہی پر مبنی ہو، اس تک آزاد ذرائع ابلاغ کی مکمل رسائی حاصل ہو اور یہ دفاعی اسٹبلشمنٹ یا شدت پسند گروہوں کے دباؤ کے بغیر جاری رہے۔

۔ جاری آپریشن میں مارے جانے والوں کے نام، تفصیل اور شدت پسند گروہ سے مبینہ تعلق کو منظرِعام پر لایا جائے۔

۔ فرنٹیئر کرائم ریگولیشن (ایف سی آر) کا فی الفور خاتمہ کیا جائےاور پاکستان کے وسیع دھارے میں شامل کرنے کے اقدامات اٹھاتے ہوئے بنیادی حقوق، بشمول سیاسی انجمن سازی، کی ضمانت دی جائے، اور ملکی ضابطہ تعزیرات کا اطلاق کیا جائے۔

۔ فاٹا کی دانستہ پسماندگی دور کرنے کے لیے عوام دوست ترقیاتی پالیسیاں ترتیب دی جائیں اور ان پر عمل درآمد کیا جائے۔

۔ فاٹا سے نقل مکانی کرنے والوں (آئی ڈی پیز) سے، جنہیں دوسرے صوبوں میں داخلے سے روکا گیا ہے، کیے جانے والے منظم امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا جائے۔

۔ عسکری اسٹبلشمنٹ سٹریٹجک مقاصد کے لیے شدت پسند گروہوں کی حمایت کی پالیسی پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں، جیسے افغانستان، ترک کرے۔

۔ ملک میں فعال شدت پسند گروہوں کو ملنے والی مالی معاونت اور حمایت کے ذرائع کو، مثلاً سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے، منقطع کیا جائے۔

9۔ سامراجی طاقتوں (جیسا کہ ریاست ہائے متحدہ امریکا) اور اداروں(جیسا کہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف) سے تمام تر دفاعی اور غیر منصفانہ معاشی معاہدوں کو منسوخ کیا جائے، جو ناہموار ترقی اور مرکز سے دور علاقوں کے استحصال کو قائم رکھنے کا موجب ہیں۔

پاکستان کو ایک نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے جو ہر ایک کے لیے حقیقی مساوات کی بنیاد پر ہو۔ یہ وقت پاکستانی فوج اور حکمران طبقات کے شدت پسند گروہوں اور امریکا و سعودی سامراج کےتسلسل سے جاری باہمی تعلقات کے خلاف عوامی تحریک شروع کرنے کا ہے۔ پاکستان میں ترقی پسندوں کو ہرصورت عوام دوست، سامراج مخالف اور سرمایہ دارانہ مخالف سیاسی متبادل تعمیر کرنے کی سعی کرنی ہے اور ان عارضی اقدامات کی حمایت میں اندھا نہیں ہونا جو 70 سالہ سامراجی ماتحتی اور استحصال پر مبنی سرمایہ دارانہ ترقی سے پیدا شدہ تضادات کو مزید بڑھاتے ہیں۔

پاکستان کے عوام کا ساتھ دینے کا مطلب ہے کہ امریکی سامراج، پاکستانی فوج اور ان کے گماشتوں کی طرف سے ان پر مسلط کردہ جنگ کو رد کیا جائے۔ پاکستان کے عوام کا ساتھ دینے کا مطلب ہے کہ فوج کے مجرمانہ افعال پرخوش ہونے کی بجائے اس کا احتساب کیا جائے۔

ہمارا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کے خلاف مزید جنگ نہیں چاہیے!

(دستخط کرنے والے)

انگریزی میں بیان:https://progpak.wordpress.com/2014/06/22/stop-the-military-operation-in-fata/

(مترجم: رضوان عطا)

Tagged: , ,

§ One Response to فاٹا میں فوجی آپریشن بند کرو | Urdu

Leave a comment

What’s this?

You are currently reading فاٹا میں فوجی آپریشن بند کرو | Urdu at .

meta