سلمان حیدر کون ہیں؟

January 13, 2017 § Leave a comment

salmanhaider-4

سلمان حیدر  ایک شفیق باپ ، شوہر ، بیٹا، دوست ہونے کا ساتھ ساتھ بےشمار لوگوں کے رفیق بھی ہیں۔  وہ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں صنفیات کا مضمون پڑھاتے ہیں ۔ اندرون و بیرون ملک ’تھیٹر والے‘ گروپ کے ہمراہ کئی ایک ڈراموں میں بطور لکھاری، ہدایت کار اور اداکار اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ وہ بائیں بازو کی سیاسی جماعت عوامی ورکرز پارٹی کے رکن ہیں۔ سلمان ماوارئے عدالت گمشدگیوں، قتل، فرقہ وارانہ تشدد ، معاشی اور سماجی ناانصافیوں کے خلاف بلا تفریق آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ وہ آن لائن میگزین ’تنقید‘ کے اڈیٹر  ہیں اور ایک سلسلہ وار بلاگ کے مصنف بھی۔

سلمان اپنے سیاسی طنز اور شاعری کے لئے زیادہ مشہور ہیں۔ انکی کئی نظموں کو پاکستان میں مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ ان کی مشہور نظم ’کافر کافر‘ ان مذہبی انتہا پسندوں کا منہ چڑاتی ہے جو مذہب کی آڑ میں ، تہواروں، موسیقی ، رقص اور مختلف رسومات کو کافر انہ قرار دینے پر تلے رہتے ہیں۔ انکی نظم ’چلو بدلیں‘ پر  بائیں بازو کا ایک مقبول ترانہ کمپوز کیا گیا۔ انکے کئی اشعار زبان زد عام نعروں میں ڈھالے گئے۔ حال ہی میں ایک اور سماجی کارکن کی گمشدگی پر سلمان نے اپنے لاپتہ ہونے کی بدشگونی کا اظہار ان لفظوں میں کیا تھا۔

ابھی میرے دوستوں کے دوست لاپتہ ہو رہے ہیں
پھر میرے دوستوں کی باری ہے

اور اس کے بعد میں۔۔۔

ان خطرات کا ادراک ہونے کے باوجود  سلمان حیدر نے ظلم وجبر کے خلاف آواز بلند کرنے میں کسی مصلحت کا سہارا نہیں لیا۔ پاکستان میں سڑکوں پر احتجاج سے موسیقی کی ویڈوز تک،  تھیٹر سے لیکر کلاس روم تک،  اخباروں، رسائل اور بلاگ لکھنے سے لیکر اپنے دوستوں و  رفیقوں کی زندگی میں رنگ بکھیرنے  تک  سلمان نے پاکستان کے ادبی، سیاسی، تعلیمی اور  ثقافتی منظر نامے   کو اپنی روشنی سے منور کیا ہے۔ 

Tagged: , , ,

Leave a comment

What’s this?

You are currently reading سلمان حیدر کون ہیں؟ at .

meta